قرآن اور حدیث کیا ہیں؟
قرآن مجیدکلام اللہ ہے جسے اللہ تعالی نے اپنے نبی محمدصلی اللہ علیہ وسلم پرنازل فرمایا تاکہ وہ لوگوں کو گمراہی سے نوروہدایت کی طرف نکالے جیسا کہ اللہ سبحانہ وتعالی کا فرمان ہے:وہ اللہ تعالی ہی ہے جو اپنے بندے پرواضح آیات اتارتا ہے تاکہ وہ تمہیں اندھیروں سے نور کی طرف لے جائے (الحدید : 9 ) ۔
قرآن کے معانی:
(1) يہ کلامِ الہی کا اسی طرح ایک نام ہے جس طرح تورات اور انجیل نام ہيں يہ نہ مشتق ہے اور نہ مہموز۔
(2) يہ قرن الشئی بالشئی سے نکلاہے ، قرآنِ مجيد کی آيات اور سورتیں باہمی ملی ہوئی ہيں اس لئے اسے قرآن کہا گیا ہے۔
(3) يہ مہموز ہے بوزن فعلان (ق ر ء) اس کا مطلب ہے جمع کرنا، قرآنِ مجيد کو يہ نام اس لئے دیا گیا ہے کہ اس ميں سابقہ کتب کی تعليمات کو جمع کيا گيا ہے۔
(4) قرآن بوزن غفران مصدر مہموز ہے اس کا مدہ قرء ہے، قرآن کو يہ نام اس لئے دیا گیا کہ يہ بار بار پڑھا جاتا ہے ، آخری قول زيادہ وقیع اور راجح ہے۔(علوم القرآن: ڈاکٹر صبحی صالح)۔